کنداپور ،16/ جنوری (ایس او نیوز) کنداپور دیہی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پون نائیک اور دیگر اہلکاروں نے گُلواڈی کے کودرو گاوں میں چل رہے غیر قانونی ذبیحہ خانے پر دھاوا بولا اور کٹے ہوئے گوشت ،جانور کے باقیات اور زندہ گائے کے ساتھ محمد یوسف نامی ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ بقیہ 3 ملزمین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پولیس کے بیان کے مطابق جہاں چھاپہ ماری کی گئی تھی وہاں پر کٹا ہوا گوشت، دو گایوں کے کٹے ہوئے سر ،اور آٹھ پاوں اور ذبح شدی گایوں کے دیگر فاضل حصے بکھرے ہوئے تھے ۔ 73 کلو گرام گوشت ، کھمبے سے بندھی ہوئی ایک زندہ گائے اور دیگر چیزیں وہاں سے ضبط کی گئیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد یوسف ، معین الدین اور ناصر علی نامی ملزمین گُلواڈی بوڈو کٹّے میں سڑک کنارے سو رہی تین گائیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے اور ان میں سے دو گائیں کاٹ کر گوشت میں تبدیل کی جا چکی تھی ۔ پولیس کی مداخلت کی وجہ سے تیسری گائے کٹنے سے بچ گئی ۔
اس تعلق سے دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔